جنریشن زی کو سمجھنے کیلئے انہیں سننا ہوگا،وزیر تعلیم
نوجوانوں کو درست سمت دکھانا آج کے دور کی اہم ترین ضرورت،سردار علی شاہکیریئر کونسلنگ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے،خطاب
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ جنریشن زی کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم ان سے بات کریں، انہیں سنیں اور ان کے سوالات کو اہمیت دیں۔یہ بات انہوں نے تقریب میں کہی۔صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے رضا عابدی کو نوجوانوں کی رہنمائی کے موضوع پر کتاب تحریر کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو درست سمت دکھانا آج کے دور کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ کیریئر کونسلنگ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں، دلچسپیوں اور مستقبل کے مواقع کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے سامنے آج آگے بڑھنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں، ضرورت صرف درست رہنمائی کی ہے ، آج دنیا میں نئے نئے پیشے سامنے آرہے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ نئے اور ابھرتے ہوئے مواقع سے بھی آگاہ کرنا ہوگا۔سید سردار علی شاہ نے کہا کہ نوجوان صرف اس بنیاد پر کسی شعبے کا انتخاب نہ کریں کہ وہ اس وقت ٹرینڈ میں ہے بلکہ اپنی دلچسپی اور صلاحیت کو بھی مدنظر رکھیں۔ جس کام سے جذباتی لگاؤ ہو اور جسے کرنے میں دل لگے ، اکثر کامیابی کا راستہ وہیں سے نکلتا ہے ۔انہوں نے والدین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں سے صرف یہ نہیں پوچھنا چاہیے کہ وہ کیا بننا چاہتے ہیں، بلکہ یہ بھی پوچھنا چاہیے کہ انہیں کیا کرنا اچھا لگتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments