عید میلاد النبی ؐ:سکیورٹی و مذہبی ہم آہنگی یقینی بنانے پر اتفاق
امن کمیٹی کا اجلاس ،تمام ضروری انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیرِ صدارت عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے امن کمیٹی کے ممبران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیورٹی، انتظامی امور، مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین بھی اجلاس میں موجود تھے ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر سارا زینب، صاحبزادہ فیض رسول، مولانا ریاض کھرل، مفتی ضیاء مدنی، شاہد رزاق سکا سمیت امن کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کے حوالے سے انتظامات پر امن کمیٹی ممبران سے مشاورت کی اور ان کی تجاویز و سفارشات بھی سنیں۔محمد نعمان صدیق نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کو عقیدت و احترام، مذہبی ہم آہنگی اور مکمل امن و امان کے ماحول میں منعقد کرنے کیلئے تمام ضروری انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کا قیام ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، اس مقصد کے حصول کیلئے امن کمیٹی کے معزز ممبران کا تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انتظامیہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مل کر عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات کو یقینی بنائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments