عید میلاد النبیؐ پر تمام ضروری سکیورٹی امور مکمل کیے جائیں، کمشنر
مذہبی اجتماعات، جلوسوں کے روٹس، مساجد، امام بارگاہوں کی خصوصی نگرانی کی جائے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں عید میلاد النبیؐ 2026 کے موقع پر سکیورٹی، انتظامی امور، مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور امن کمیٹی کے ارکان نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور عید میلاد النبیؐ کے موقع پر امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے حوالے سے اپنی تجاویز اور خیالات کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران عید میلاد النبیؐ کے موقع پر مذہبی اجتماعات، جلوسوں اور دیگر تقریبات کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، جلوسوں کے روٹس کی نگرانی، حساس مقامات کی سکیورٹی، امن و امان کے قیام اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے درمیان مؤثر رابطہ کار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر تمام ضروری سکیورٹی و انتظامی امور بروقت مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مذہبی اجتماعات، جلوسوں کے روٹس، مساجد، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کی جائے اور عوام کو پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فرائض سرانجام دیں،کمشنر نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کے لیے ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی و انتظامی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اور تمام محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments