شہری علاقوں میں مویشی رکھنے سے گندگی اور تعفن پر سوالات

شہری علاقوں میں مویشی رکھنے سے گندگی اور تعفن پر سوالات

گلیوں میں مویشی باندھے جانے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )میونسپل کمیٹی حکام کی مبینہ عدم توجہی کے باعث شہری علاقوں سے مویشیوں کو منتقل کرنے کا عمل مؤثر طور پر شروع نہ ہونے سے گلی محلوں میں گندگی، تعفن، ماحولیاتی آلودگی اور دیگر عوامی مسائل میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ رہائشی آبادیوں میں گھروں کے باہر اور گلیوں میں مویشی باندھے جانے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ انتظامی غفلت کے باعث قانون پر عملدرآمد بھی سوالیہ نشان بن گیا ہے ۔پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت نافذ ضوابط کے مطابق شہری حدود میں رہائشی مقامات پر جانور رکھنا ممنوع ہے ۔ متعلقہ شہریوں کو جانور رہائشی علاقوں سے منتقل کرنے کے لیے نوٹس جاری کیا جاتا ہے اور مقررہ مدت میں حکم کی تعمیل نہ ہونے کی صورت میں میونسپل کمیٹی قانونی کارروائی کرتے ہوئے جانوروں کو خود منتقل کرنے کی مجاز ہے ، جبکہ منتقلی پر آنے والے اخراجات متعلقہ شہری سے وصول کیے جاتے ہیں۔

شہریوں کے مطابق متعدد رہائشی علاقوں میں گھروں کے باہر گائے ، بھینسیں اور دیگر مویشی باندھے جانے سے گلیوں میں گوبر اور گندا پانی جمع رہتا ہے ، جس سے شدید تعفن پیدا ہو رہا ہے ۔ جانوروں کے فضلے سے اٹھنے والی بدبو کے باعث مکینوں کا گھروں میں رہنا بھی دشوار ہو جاتا ہے جبکہ گرمی اور بارش کے موسم میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ۔مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی حکام محض نوٹس جاری کرنے تک محدود نہ رہیں بلکہ مقررہ مدت گزرنے کے بعد قانون کے مطابق عملی کارروائی کرتے ہوئے شہری علاقوں سے مویشی منتقل کرائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...