عید میلاد النبی ؐ کے سلسلہ میں ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس

عید میلاد النبی ؐ کے سلسلہ میں ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس

جلوسوں ، محافل پرشرکا کیلئے پرامن ماحول یقینی بنایا جائیگا:سیکرٹری اوقاف ،کمشنر

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)عید میلاد النبی ؐ کے سلسلہ میں امن وامان کے قیام اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر آفس میں ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی، چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب وممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر مفتی انتخاب نوری، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، سی پی او ڈاکٹر غیاث گل خان،دیگر افسروں اور علمانے شرکت کی۔ سیکرٹری اوقاف ، کمشنر اورچیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب نے خطاب میں کہا عید میلاد النبی ؐ پر امن ماحول میں منانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،میلاد کے جلوسوں اور محافل کے شرکا کیلئے پرامن ماحول یقینی بنایا جائے گا۔ عید میلاد النبیؐ انتہائی شان و شوکت اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی،اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں اور ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کو بہترین انتظامات کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا ایک مسلمان کیلئے نبی کریم ؐ کی ولادت باسعادت سے بڑھ کر خوشی اور جشن کا اور کیا موقع ہو سکتا ہے ، اس موقع پر ملک اور اسلام دشمن قوتوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جو ایسے مواقع پر امن، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کیلئے سرگرم ہو جاتی ہیں۔ کمشنر نے کہا حکومت علما کی بھائی چارے اور امن کیلئے گرانقدر خدمات کو سراہتی ہے ، 12 ربیع الاول کوبھی مذہبی رواداری اور بھائی چارے کا مثالی مظاہرہ دیکھنے کو ملے گا۔ جلوسوں کے راستوں پر صفائی، لائٹنگ اور سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور امن و امان کو خراب کرنیوالوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...