ٹوبہ موٹروے انٹرچینج تا رجانہ انٹرچینج ڈبل روڈ منصوبہ سست
فنڈز کی عدم دستیابی سے تعمیراتی کام متاثر، شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )موٹروے ٹوبہ انٹرچینج سے رجانہ انٹرچینج تک ڈبل روڈ کی تعمیر فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث سست روی کا شکار ہے ، جس کے نتیجے میں شہریوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔موٹروے ٹوبہ انٹرچینج سے رجانہ انٹرچینج تک شاہراہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت جنوبی پنجاب سے آنے اور جانے والی ٹریفک کے لیے انتہائی اہم رابطہ سڑک کی حیثیت رکھتی ہے ۔ جنوبی پنجاب سے موٹروے تک پہنچنے اور موٹروے سے مختلف علاقوں کی جانب جانے والی بڑی تعداد میں گاڑیاں اسی شاہراہ کو استعمال کرتی ہیں، جس کے باعث دن بھر سڑک پر ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ رہتا ہے ۔ڈبل روڈ کی تعمیر کے لیے اندرون شہر سمیت مختلف مقامات پر سڑک کی اکھاڑ بچھاڑ اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ جگہ جگہ گڑھوں، ناہموار راستوں، مٹی اور تعمیراتی سامان کے باعث گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہونے کے باعث معمولی رکاوٹ بھی طویل ٹریفک جام کا سبب بن جاتی ہے ۔
، جبکہ شہریوں کو اپنی منزل تک پہنچنے میں اضافی وقت صرف کرنا پڑ رہا ہے ۔تعمیراتی کام کے باعث اٹھنے والے گردوغبار نے بھی شہریوں، راہگیروں اور سڑک کے اطراف کاروبار کرنے والے دکانداروں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔ رات کے اوقات میں نامکمل سڑک اور بعض مقامات پر مناسب ٹریفک انتظامات نہ ہونے کے باعث حادثات کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے ۔ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ سڑک کی موجودہ صورتحال کے باعث گاڑیوں کے ٹائروں، سسپنشن اور دیگر پرزہ جات کو نقصان پہنچ رہا ہے ، جس سے انہیں اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔ بارش کی صورت میں زیرِ تعمیر اور ناہموار سڑک پر پانی اور کیچڑ جمع ہونے سے ٹریفک کی مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں۔شہری حلقوں کے مطابق ڈبل روڈ منصوبہ علاقے کی ترقی، ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور جنوبی پنجاب کو موٹروے سے بہتر رابطہ فراہم کرنے کے حوالے سے انتہائی اہم ہے ، تاہم تعمیراتی کام کی موجودہ رفتار تشویش کا باعث ہے ۔شہریوں نے حکومت پنجاب اور متعلقہ تعمیراتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کے لیے مطلوبہ فنڈز فوری فراہم کرکے تعمیراتی کام کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کیا جائے اور اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے ، تاکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جنوبی پنجاب سے موٹروے تک سفر کرنے والے مسافروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ اور علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments