گلبہار سے غیر ملکیوں سمیت 4مغوی بازیاب ، تین رکنی گروہ گرفتار
بازیاب ہونے والوں میں نائیجیرین باشندے اور ضلع خیبر کا رہائشی شامل ہے ، ورثا سے 25 ہزار امریکی ڈالر تاوان کامطالبہ کیا گیاگرفتار ملزمان بین الاقوامی سطح پر آئس سمیت دیگر منشیات کے دھندے میں بھی ملوث ،اسلحہ برآمد،مقدمہ درج کرکے تفتیش کاآغاز
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)تھانہ گلبہار پولیس نے غیر ملکی شہریوں اور ضلع خیبر کے رہائشی کو اغوا کرنے والا تین رکنی گروہ گرفتار کرلیا جبکہ 4 مغوی بحفاظت بازیاب کرلیے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع اور جدید تفتیشی ذرائع کی مدد سے گلبہار نمبر 2 میں واقع ایک مکان پر چھاپہ مار کر وہاں محبوس 4 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرلیا۔مغویوں میں 3 نائیجیرین شہری اور ضلع خیبر کا ایک رہائشی شامل ہیں۔ بازیاب ہونے والے نائیجیرین شہریوں کی شناخت اسٹن ولد نوان کواب، مائیکل ولد اسٹن اور جنتن ولد اسٹن جبکہ ضلع خیبر کے رہائشی مغوی کی شناخت نصرت خان ولد ارباب کے نام سے ہوئی۔کارروائی کے دوران پولیس نے واردات میں ملوث تین اغوا کاروں کو بھی گرفتار کرلیا، جن کی شناخت آصف محمود ولد عباس سکنہ شاہین بازار، عمر فاروق اور عثمان غنی پسران عتیق احمد ساکنان گلبہار کے نام سے ہوئی۔گرفتار ملزمان نے مغویوں کو لاہور سے پشاور منتقل کیا اور تھانہ گلبہار کی حدود گلبہار نمبر 2 میں واقع مکان کے گراؤنڈ فلور میں غیر قانونی طور پر محبوس رکھا ہوا تھا۔ملزمان مغویوں کے ورثا سے 25 ہزار امریکی ڈالر تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے ، ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان بین الاقوامی سطح پر آئس سمیت دیگر منشیات کے دھندے میں بھی ملوث ہے ، جس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے ۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک کلاکوف، دو پستول ، کارتوس ، منشیات اور دیگر اشیاء بھی برآمد کرلی ۔ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ، جبکہ گروہ کے دیگر ممکنہ ساتھیوں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments