بدعنوان، کام چور ملازمین کیلئے شکنجہ تیار
ڈویژن کے تمام سرکاری اداروں کے سربراہوں سے ناقص کارکردگی کے حامل افسر وں اور ملازمین کا ڈیٹا طلب،مسلسل 3 دن غیر حاضری پر تنخواہ بند کرنے پرعمل ہوگا
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت نے سرکاری اداروں میں غفلت ،بد عنوانی اور کام چور ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا جس کیلئے گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام سرکاری اداروں کے سربراہوں سے ناقص کارکردگی کے حامل افسر وں اور ملازمین کا ڈیٹا طلب کرلیا۔ اس کے علاوہ سرکاری ادارے اوران کے متعلقہ سنٹروں میں ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم کا نفاذ لازمی قرار دیا گیاتھا، مسلسل 3 دن غیر حاضر رہنے والے افسر وں اور ملازمین کی تنخواہ بند کرنے کے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کر ایاجائے گا جس سے سرکاری ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے شہر اور گردونواح کے تمام سرکاری دفاتر میں بھاری تنخواہیں وصول کرنے اور ناقص کارکردگی کے حامل افسر وں اور ملازمین کیخلاف شکنجہ تیار کرنا شروع کردیا ۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ماتحت تمام سرکاری اداروں جہاں بائیو میٹرک سسٹم موجود نہیں وہاں بھی بائیو میٹرک سسٹم لگایا جائے گا، ہر ملازم اپنا انگوٹھا کمپیوٹرائزڈ مشین پر لگا ئے گا جن کا ڈیٹا روزانہ کی بنیادوں پر مانیٹر کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments