جڑانوالہ میں گھر گھر صحت کی سہولیات کی فراہمی شروع
شہریوں کو دہلیز پر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے گھر گھر ہیلتھ سروسز کا آغاز
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت جڑانوالہ میں گھر گھر بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے ، جس کے تحت محکمہ صحت کی ٹیمیں شہریوں کو ان کی دہلیز پر طبی معائنے اور ادویات سمیت بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کریں گی۔سی ای او ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹر شہزاد محمود کی ہدایات پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سومیہ جمیل کی زیرِ نگرانی فوکل پرسن زاہد ندیم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گھر گھر ہیلتھ سروسز کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔پروگرام کے تحت لیڈی ہیلتھ ورکرز اور سی ایچ آئی عملہ گھر گھر جا کر خواتین کا طبی معائنہ کرے گا اور ضرورت کے مطابق ادویات سمیت بنیادی طبی سہولیات فراہم کرے گا۔طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہر سی ایچ آئی روزانہ 20 گھروں، جبکہ ہر لیڈی ہیلتھ ورکر روزانہ 10 گھروں میں جا کر طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنا اور طبی خدمات تک رسائی کو آسان بنانا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments