اٹھارہ ہزاری :اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پر یشان
آٹا، دالیں، گھی، چینی عام آدمی کی پہنچ سے دور،منافع خوروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا) اٹھارہ ہزاری میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے ۔اٹھارہ ہزاری میں شہریوں نے شکایت کی ہے کہ دکانداروں کی جانب سے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ آٹا، دالیں، گھی، چینی، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں سمیت بنیادی ضروریاتِ زندگی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام شہریوں کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل بنا دیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ محدود آمدن میں گھر کے اخراجات پورے کرنا پہلے ہی دشوار تھا، تاہم اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ ان کے مطابق بعض دکاندار سرکاری نرخ ناموں کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی مرضی کے دام وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث صارفین کو اضافی قیمتیں ادا کرنا پڑ رہی ہیں۔عوامی حلقوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی جانب سے قیمتوں کو سرکاری نرخوں کے مطابق رکھنے کے اقدامات پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ بازاروں میں باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام فعال کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments