پبلک ٹرانسپورٹ میں لڑکی کو ہراساں کرنیکا الزام،نوجوان گرفتار

پبلک ٹرانسپورٹ میں لڑکی کو ہراساں کرنیکا الزام،نوجوان گرفتار

پینسرہ ٹریفک پولیس کی فوری کارروائی، ملزم تھانہ ٹھیکری والا پولیس کے حوالے

پینسرہ (نمائندہ دنیا) پبلک ٹرانسپورٹ میں لڑکی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے 22 سالہ نوجوان کو ٹریفک پولیس نے گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ٹھیکری والا پولیس کے حوالے کر دیا۔میاں عبدالرشید ولد غلام رسول نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کی بیٹی مریم نواز چک نمبر 64 ج ب کے ہسپتال میں بطور لیڈی ہیلتھ وزیٹر (ایل ایچ وی) ڈیوٹی انجام دیتی ہے ۔ ڈیوٹی کے بعد وہ العلم میڈیکل کالج پینسرہ میں لیکچر دینے کے لیے ویگن میں سوار ہو کر جا رہی تھی کہ راستے میں صنم نور ولد محمد نواز نامی نوجوان نے مبینہ طور پر اسے تنگ کرنا شروع کر دیا اور پورے سفر کے دوران ہراساں کرتا رہا۔درخواست گزار کے مطابق متاثرہ لڑکی نے پینسرہ ٹریفک سیکٹر پر گاڑی رکوانے کا اشارہ کیا اور ٹریفک پولیس سے ملزم کو گرفتار کرنے کی درخواست کی۔واقعے پر ٹریفک پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو حراست میں لے لیا اور لڑکی کے والدین سے رابطہ کیا۔ بعدازاں ون فائیو پر اطلاع دی گئی اور ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ٹھیکری والا پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...