ستھرا پنجاب کے دعوے دھرے ،یونین کونسل 144 کچرا کنڈی

ستھرا پنجاب کے دعوے دھرے ،یونین کونسل 144 کچرا کنڈی

عباسپور، گھلو، بلوچ والا، حسین آباد اور سید والا سمیت متعدد علاقوں میں کوڑے کے ڈھیر

پینسرہ (نمائندہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب منصوبے کے دعوؤں کے برعکس یونین کونسل 144 کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہو گئی ہے ۔ گلی محلوں، بازاروں اور آبادیوں میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ گندگی اور تعفن نے اہل علاقہ کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔چک نمبر 245 ر ب عباس پور، گھلو آبادی، بلوچ والا، اسٹیشن آبادی، حسین آباد، سید والا اور نیو سبزی منڈی کے گردونواح میں جگہ جگہ کوڑا کرکٹ جمع ہے ۔ سید والا مسجد کے سامنے اور حسین آباد مسجد کے اطراف بھی گندگی کے ڈھیر موجود ہیں، جس سے صفائی کے انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ کوڑے سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن کے باعث اہل علاقہ کو روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔شہریوں کے مطابق پہلے صفائی کا عملہ ہفتہ وار بنیادوں پر علاقوں کا دورہ کرتا تھا، تاہم اب عملہ ایک سے ڈیڑھ ماہ بعد صفائی کے لیے پہنچتا ہے ، جبکہ اس کے بعد مزید ڈیڑھ سے دو ماہ تک دوبارہ عملے کی آمد دکھائی نہیں دیتی۔ اس دوران گھروں کے سامنے اور گلیوں میں کوڑا جمع رہتا ہے ، جس سے ماحول آلودہ ہونے کے ساتھ شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ صفائی کی ناقص صورتحال کے حوالے سے متعدد بار شکایات درج کرائی گئیں اور متعلقہ حکام کو گندگی کے مقامات کی نشاندہی بھی کی گئی، لیکن اس کے باوجود مستقل اور مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔ شہریوں کے مطابق بار بار شکایات کے باوجود صفائی کا نظام بہتر نہیں ہو سکا اور عوام بدستور گندگی اور تعفن برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے الزام عائد کیا کہ فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایف ڈبلیو ایم سی) اور ستھرا پنجاب منصوبے کے تحت ذمہ دار صفائی عملے کی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر صفائی کا عملہ باقاعدگی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا تو گلیوں، بازاروں اور آبادیوں میں ہفتوں اور مہینوں تک کوڑے کے ڈھیر جمع نہ رہتے ۔اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل 144 میں صفائی کی ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...