پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم

پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم

انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں، ضلعی سربراہان مؤثر اقدامات کریں: آ ر پی او

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے پتنگ بازی پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے چاروں اضلاع کے پولیس سربراہان کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔آر پی او نے کہا کہ ماضی میں پتنگ بازی کے باعث ایسے افسوس ناک واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔ لہٰذا تمام ضلعی پولیس سربراہان اپنے اپنے اضلاع میں پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ سپیشل برانچ کی معاونت سے ان مقامات کی نشاندہی کی جائے جہاں کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی ہو رہی ہو اور ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ کسی بھی حادثے یا ناخوش گوار واقعے سے بچا جا سکے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور پتنگوں کی تیاری میں معاونت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ضلعی سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور پتنگ بازی میں ملوث افراد کے خلاف ہر سطح پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے ۔آر پی او نے مزید کہا کہ ضلعی پولیس سربراہان اپنے اپنے اضلاع میں پتنگ بازی کے نقصانات سے متعلق پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم بھی شروع کریں۔ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے روکنے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...