بٹالہ کالونی میں جرائم پیشہ عناصر کے مبینہ راج کا انکشاف

 بٹالہ کالونی میں جرائم پیشہ عناصر کے مبینہ راج کا انکشاف

بڑھتی وارداتوںسے شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ، پولیس خاموش تماشائی

فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ضلعی پولیس کا سرکل بٹالہ کالونی منشیات فروشوں، جواریوں، ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث عناصر سمیت دیگر جرائم پیشہ افراد کیلئے مبینہ طور پر محفوظ پناہ گاہ بن گیا۔ سرکل بٹالہ کالونی کے تھانوں میں تعینات افسروں اور اہلکاروں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرنے اور معاشرے کو جرائم سے پاک بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کے بجائے مبینہ طور پر انکی پشت پناہی کیے جانیکا انکشاف ہوا ہے ۔ علاقے میں ڈکیتی، چوری اور لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ہو کر رہ گیا ہے ۔ اسکے باوجود متعلقہ پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد ضلع پولیس کو آبادی اور جغرافیائی حدود کے لحاظ سے مجموعی طور پر پانچ ٹاؤنز اور 13سرکلز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ ہر ٹاؤن اور سرکل میں جرائم کی نوعیت اور تعداد کا الگ الگ ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکل بٹالہ کالونی کے تھانہ بٹالہ کالونی اور ڈی ٹائپ کالونی کے علاقے مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کی محفوظ پناہ گاہ بن چکے ہیں۔

سرکل بٹالہ کالونی کے علاقوں وارث پورہ، پہاڑی گراؤنڈ، پیپلز کالونی نمبر 2، صدیقیہ قبرستان، ستیانہ روڈ، آئرن مارکیٹ، 224وزیر خان والی، شالیمار کالونی، ڈی ٹائپ کالونی، عاصم ٹاؤن، سہیل آباد، جدید کوریاں، علامہ اقبال کالونی، ڈوگراں واں روڈ، علی پورہ اور کچی آبادی سمیت متعدد علاقوں میں منشیات فروشی، جوئے ، بدکاری کے اڈوں اور ڈکیتی، چوری و راہزنی کی وارداتوں میں ملوث عناصر کی مبینہ سرگرمیاں جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق سرکل بٹالہ کالونی کے تھانوں میں تعینات افسران اور اہلکاروں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائیاں کرنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے بجائے مبینہ طور پر ان کی پشت پناہی کیے جانے اور بھاری نذرانے وصول کرکے خاموشی اختیار کرنے کے انکشافات سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث نہ صرف ان علاقوں میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ لوٹ مار کے واقعات نے شہریوں کو بھی شدید پریشانی سے دوچار کر رکھا ہے ، شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں سے جرائم کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور غفلت کا مظاہرہ کرنیوالے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...