ڈی آئی جی جیل خانہ جات کا ڈسٹرکٹ جیل کا تفصیلی دورہ
داخلی و خارجی راستوں، سکیورٹی اہلکاروں کی ڈیوٹی اور نگرانی کے نظام کا معائنہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی پریزن سرگودھا ریجن سعید اﷲ گوندل نے ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا کا تفصیلی دورہ کیا اور جیل کے اندرونی و بیرونی سکیورٹی انتظامات سمیت اسیران کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مرکزی گیٹ، داخلی و خارجی راستوں، سکیورٹی اہلکاروں کی ڈیوٹی اور نگرانی کے نظام کا معائنہ کرتے ہوئے حفاظتی انتظامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی آئی جی نے جیل ہسپتال میں طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی، کچن میں کھانے کے معیار اور صفائی ستھرائی جبکہ غلہ گودام میں گندم و دیگر اشیائے خوردونوش کے ذخیرے اور ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے پریزن ویلفیٔر سٹور میں اسیران کو فراہم کیے جانے والے سامان کی دستیابی اور معیار چیک کیا، بعدازاں ملاقات شیڈ میں اسیران اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے مسائل سنے اور جائز شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے جیل احاطے میں پودا بھی لگایا اور ماحول کو سرسبز بنانے پر زور دیا۔ ڈی آئی جی سعید اﷲ گوندل نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سکیورٹی، صفائی، خوراک، طبی سہولیات اور اسیران کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments