ٹوبہ: انسداد گداگری مہم ناکام، لائوڈ سپیکر پر بھیک مانگنے والے پیشہ ور بھیکاریوں سے شہری پریشان
نامعلوم علاقوں سے آنے والے بہروپیے اور برقع پوش خواتین شاہراہوں، چوکوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھیک مانگتے ،بعض افراد گھروں میں داخل ہو کر وارداتوں میں بھی ملوث، انسدادِ گداگری ایکٹ پر عمل درآمد یقینی بنایاجائے :شہری
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی عدم توجہی کے باعث انسدادِ گداگری مہم بری طرح ناکام ہو گئی۔ ریڑھیوں اور رکشاؤں پر بڑے لاؤڈ سپیکر نصب کرکے بھیک مانگنے والے پیشہ ور گداگروں نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں انسدادِ گداگری ایکٹ پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث شہری صحت مند اور توانا پیشہ ور بھکاریوں اور نشے کے عادی گداگروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں۔ ضلع بھر میں نامعلوم علاقوں سے آنے والے بہروپیے ، پیشہ ور گداگر اور برقع پوش خواتین شاہراہوں، چوکوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھیک مانگتے ہیں، جبکہ بعض افراد بھیک مانگنے کی آڑ میں گھروں میں داخل ہو کر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صحت مند اور توانا پیشہ ور بھکاری اور نشے کے عادی گداگر سرعام انہیں پریشان کر رہے ہیں۔پیشہ ور بھکاریوں نے گدھا ریڑھیوں اور موٹر سائیکل رکشاؤں پر بڑے بڑے لاؤڈ اسپیکر نصب کر رکھے ہیں، جن کے ذریعے ٹیپ ریکارڈنگ چلا کر بھیک مانگی جاتی ہے ،سماجی حلقوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں انسدادِ گداگری ایکٹ پر فوری عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے سرکاری سطح پر مہم شروع کی جائے اور لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے بھیک مانگنے والے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments