جامکے چٹھہ :فوڈ پوائنٹس پر غیر معیاری کھانوں کی فروخت
شہری بیماریوں کا شکار ہونے لگے ،انتظامیہ نے کارروائی کے بجائے چپ سادھ لی
جامکے چٹھہ (نامہ نگار )مختلف فوڈ پوائنٹس پر غیر معیاری کھانوں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے ۔ مضر صحت کھانوں کے استعمال سے شہری بیماریوں کا شکار ہونے لگے جبکہ انتظامیہ نے کارروائی کے بجائے چپ سادھ لی ۔جامکے چٹھہ کے مختلف جگہوں پر بنے مضر صحت فاسٹ فوڈز ، بار بی کیو و دیگر اقسام کے کھانے سر عام فروخت کئے جارہے ہیں۔ کھانوں کی تیاری کے دوران نہ تو حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھا جاتا ہے اور نہ ہی فوڈ اتھارٹی کی جانب سے مقرر کئے گئے ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جاتا ہے ۔ مضر صحت اشیا کھانے سے شہری پیٹ، معدے اور جگر کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں محض فوٹوسیشن تک ہی محدود ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی عملہ کارروائیوں کے بجائے مبینہ طور پر جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کھانوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔