میٹرک ، انٹر امتحانات :ای مارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

میٹرک ، انٹر امتحانات :ای مارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) گوجرانوالہ سمیت پنجاب بھر کے تمام ایجوکیشن بورڈز نے امتحانی نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ای مارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ۔

 بورڈ حکام کے مطابق سال 2027 سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں ای مارکنگ کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ نئے نظام کے تحت طلبہ کی جوابی کاپیوں کو سکین کیا جائے گا اور اساتذہ روایتی دستی (مینول) مارکنگ کے بجائے کمپیوٹر کے ذریعے ای مارکنگ انجام دیں گے ۔ اس اقدام کا مقصد مارکنگ کے عمل میں انسانی غلطیوں، جانبداری اور شکوک و شبہات کا خاتمہ کرنا ہے ۔ بورڈ حکام نے بتایا کہ ای مارکنگ سسٹم کے نفاذ کیلئے بورڈ کے عملے کی تربیت لاہور میں مکمل کر لی گئی ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں اساتذہ کیلئے خصوصی ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ وہ جدید نظام سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہو سکیں۔ حکام کے مطابق ای مارکنگ کے نفاذ سے نہ صرف امتحانی نتائج میں شفافیت بڑھے گی بلکہ نتائج کی تیاری کا عمل بھی زیادہ تیز اور مؤثر ہو گا جس سے طلبہ اور والدین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں