لدھیوالہ وڑائچ کے گلی محلوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر
سینٹری ورکرز کی کارکردگی حافظ آباد روڈ اورچند گلیوں کی صفائی تک محدود
لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگار )لدھیوالہ وڑائچ میں ستھرا پنجاب پروگرام بری طرح ناکام ہو گیا، رہائشی علاقے نظر انداز ،گلی محلوں میں کوڑے کے ڈھیروں سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ لدھیوالہ سٹی اور کوٹ اسحاق کے گلی محلوں میں کوڑے کے ڈھیروں کے با عث مچھروں اور مکھیوں کی بھرمار ہو چکی ہے جس کے باعث علاقہ مکین موذی امراض میں مبتلاہو رہے ہیں، شہریوں کے مطابق صفائی کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔ دوسری جانب سینٹری ورکرز کی کارکردگی صرف حافظ آباد روڈ اورچند گلیوں کی صفائی تک محدود ہے اور اندرونی گلیوں اور رہائشی علاقوں کو یکسر نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے اگر فوری طور پر صفائی کے موثر اقدامات نہ کئے گئے تو ڈینگی و ملیریا جیسی وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے مطالبہ کیاہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کا فوری نوٹس لیا جائے اور غفلت کے مرتکب عملے کیخلاف کارروائی کی جائے ۔