ایف جی اے گراؤنڈ میں کرسمس کی تقریب کا انعقاد

ایف جی اے گراؤنڈ میں کرسمس کی تقریب کا انعقاد

گراؤنڈ حمدیہ گیتوں، خوشی کے نغموں اور کرسمس کیرولز سے گونج اٹھا

لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے بھر میں جاری کرسمس کی 12 روزہ تقریبات جاری ہیں۔ ایف جی اے گراؤنڈ لاہور میں کرسمس کی ایک شاندار، روح پرور اور باوقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ہزاروں مسیحی برادری کے افراد نے عبادت، خوشی اور شکرگزاری کے جذبات کے ساتھ شرکت کی۔ تقریب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ سینئر پادری انور فضل، سرکاری افسران، مذہبی رہنما، کمیونٹی عمائدین اور معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

تقریب کا آغاز ایک پُروقار کیرول سروس سے ہوا، جس میں شرکا نے شمعیں روشن کیں جو امن، محبت اور اتحاد کی علامت تھیں۔ ایف جی اے گراؤنڈ حمدیہ گیتوں، خوشی کے نغموں اور کرسمس کیرولز سے گونج اٹھا۔ اس موقع پر کرسمس کے پیغامِ امن، قربانی اور محبت پر مبنی خصوصی اسکیٹس بھی پیش کی گئیں جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقلیت دوست ویژن اور فلاحی اقدامات کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیرنے مسیحی کمیونٹی کے ساتھ کرسمس کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں