صدر گجرات چیمبر کا پیرا فورس کی کا رروا ئیوں پر اظہار تشویش
بغیر نوٹس سائن بورڈ اتارنا ،جرمانے عائد کرنا ناانصافی اور کاروبار دشمن اقدام قرار
گجرات(سٹی رپورٹر )صدر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احمد حسن نے ضلعی اداروں کی جانب سے بغیر پیشگی نوٹس کاروباری برادری کی املاک کو نقصان پہنچانے پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے ۔ صدر گجرات چیمبر نے کہا کہ پیرا فورس کی جانب سے مختلف علاقوں میں کاروباروں کے باہر نصب سائن بورڈ اتارے جا رہے ہیں اور جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں جو سراسر ناانصافی اور کاروبار دشمن اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پہلے ہی مہنگائی، توانائی بحران اور معاشی دباؤ جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہی ہے ، ایسے حالات میں بغیر نوٹس کارروائیاں کاروباری ماحول کو مزید متاثر کر رہی ہیں۔ صدر گجرات چیمبر نے ضلعی اداروں سے مطالبہ کیا کہ کسی بھی کارروائی سے قبل باقاعدہ تحریری نوٹس دیا جائے ، مناسب وقت فراہم کیا جائے اور کاروباری نمائندہ تنظیموں سے مشاورت کی جائے ، ہم خود تمام انکروچمنٹ ہٹا نے کیلئے بزنس کمیونٹی کو کہیں گے اور اگر اس کے بعد انکروچمنٹ رہتی ہے تو ہی کوئی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔