علی پور چٹھہ :کوڑا بل پر شہریوں کا احتجاج ، اضافی مالی بو جھ قرار
حکومت ستھرا پنجاب کا کریڈٹ لے رہی ، ساتھ عوام کی جیبوں کی صفائی کر رہی :خواتین
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں کوڑا بل نے شہریوں کو بلبلا دیا ،دکانداروں اور مزدور طبقے پر اضافی مالی بوجھ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ شہر بھر میں سروے کے دوران شہریوں، دکانداروں، مزدوروں اور خواتین نے بلوں کو ظالمانہ، غیر منصفانہ اور عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے شدید ردِعمل کا اظہار کیا ہے ۔ علی پورچٹھہ سٹی ایریا میں دکانوں اور گھروں پر 500 روپے ماہانہ جبکہ دیہی علاقوں میں 300 روپے فی گھر و دکان کے حساب سے کوڑا بل عائد کیا گیا ہے ۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ دو دو ماہ کے ایک ہزار روپے کے بل اکٹھے وصول کیے جا رہے ہیں جو موجودہ مہنگائی کے دور میں ناقابلِ برداشت ہیں۔ شہری خواتین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ایک طرف ستھرا پنجاب کا کریڈٹ لے رہی ہے اور دوسری جانب عوام کی جیبوں کی صفائی کی جا رہی ہے ۔ خواتین کا کہنا تھا کہ گھریلو اخراجات، بچوں کی تعلیم، ادویات اور یوٹیلیٹی بلز پہلے ہی مشکلات کا باعث ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلے ہی بے روزگاری، مہنگائی، بجلی، گیس اور ادویات کی قیمتوں سے عوام کو شدید دباؤ میں رکھا ہوا ہے ، اب کوڑا بل کے ذریعے غربت طبقے پر ایک اور کاری ضرب لگائی گئی ہے ۔ سماجی کار کنوں کا کہنا ہے کہ حکومت زمینی حقائق، عوام کی مالی استطاعت اور معاشی حالات کو مدنظر رکھ کر پالیسیاں تشکیل دے دوسری صورت میں احتجاج کیا جائیگا ۔