ڈسکہ: ناقص صفائی پراے سی کو وارننگ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سرنڈر
موترہ (نامہ نگار) ڈسکہ شہر میں ناقص صفائی کے معاملے پر کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے سخت اقدامات کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر کو وارننگ دی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ الفت شہزاد کو غیر تسلی بخش کارکردگی پر سرنڈر کرنے کے احکامات جاری کیے ۔
کمشنر نے شہر کے شاہراہوں، گلی محلوں اور کھلے مقامات پر صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے نفاذ میں رکاوٹوں پر برہمی کا اظہار کیا۔ کمشنر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کا عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔علاقہ مکینوں نے کہا کہ ڈسکہ شہر کی گلی محلوں اور سڑکوں پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی کا ٹھیکہ لینے کے باوجود صورتحال ابتر ہے ۔ شہریوں نے کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر کے گلی محلوں کا دورہ بھی کریں تاکہ عوام کو ستھرا پنجاب پروگرام کے حقیقی عملدرآمد کا پتہ چل سکے ۔