سیالکوٹ: علامہ اقبالؒ کی یاد میں مشاعرہ، ادبی شخصیات کی شرکت

 سیالکوٹ: علامہ اقبالؒ کی یاد میں مشاعرہ، ادبی شخصیات کی شرکت

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) نیشنل اکیڈمی آف آرٹس اینڈ کلچر کے زیر اہتمام سیالکوٹ ایوانِ صنعت و تجارت کے شیخ محمد شفیع آڈیٹوریم میں حضرت علامہ محمد اقبالؒ کی یاد میں ایک شاندار مشاعرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کی ادبی، ثقافتی اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

مشاعرے کی صدارت ممتاز شاعر سعود عثمانی نے کی جبکہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید احتشام مظہر گیلانی مہمانِ خصوصی تھے ۔ مشاعرے کے سرپرست ارشد لطیف بٹ تھے ۔مہمان شعراء میں اکرام عارفی، خالد ندیم شانی، ظہیر مفتی اور رمی کا منال شامل تھے ، جبکہ سیالکوٹی شعراء میں شاہد ذکی، انیس طارق، آصف علوی، فرانس شجاع شاذ، عاصمہ فراز، رفیق لودھی، طارق محمود اور تجمل حسین سچل نے اپنا کلام پیش کیا۔مہمانِ خصوصی سید احتشام مظہر گیلانی نے مشاعرے کے انعقاد پر منتظمین، بالخصوص محمد رفیع بٹ کو مبارکباد پیش کی اور نیشنل اکیڈمی آف آرٹس اینڈ کلچر کی سیالکوٹ میں فن و ثقافت کے فروغ کے لیے کی جانے والی سرگرمیوں کو سراہا۔

مہمانِ اعزاز انجینئر خاور انور خواجہ نے کہا کہ چھبیس برس قبل اسی ہال میں ہونے والے مشاعرے میں بھی ممتاز شاعر سعود عثمانی شریک تھے اور یہ مشاعرہ بھی ایک یادگار ادبی محفل ثابت ہوا۔سرپرستِ مشاعرہ ارشد لطیف بٹ نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر ہمیشہ ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے کوشاں رہا ہے اور آئندہ بھی ایسے ادبی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔مشاعرے کی نظامت پروفیسر ڈاکٹر یاسر ذیشان عظیمی نے کی۔میزبان محمد رفیع بٹ، چیئرمین نیشنل اکیڈمی آف آرٹس اینڈ کلچر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ میوزیکل پروگراموں اور ایوارڈ تقسیم کے ساتھ ساتھ اب باقاعدگی سے مشاعروں کا انعقاد بھی کریں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں