گوجرانوالہ میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈائون 3یونٹس بند

گوجرانوالہ میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈائون 3یونٹس بند

107 پوائنٹس کو 18 لاکھ 80 ہزار جرمانہ ، ناقص مصالحہ جات سمیت ممنوعہ اور ایکسپائرڈ اشیاء تلف ،ملاوٹ مافیا کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری :ترجمان فوڈ اتھارٹی

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) گوجرانوالہ میں ملاوٹ مافیا کی شامت آ گئی۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عاشق حسین کی سربراہی میں ضلع بھر میں آپریشن جاری ہے ۔ 138 ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس، 172 پارکس کینٹین، 106 سویٹس یونٹس اور 33 فاسٹ فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزیوں پر 2 سویٹس اینڈ بیکرز کے پروڈکشن یونٹس اور ایک آؤٹ لیٹ بند کر دیا گیا۔ مجموعی طور پر 107 پوائنٹس کو 18 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں ناقص مصالحہ جات سمیت ممنوعہ اور ایکسپائرڈ اشیاء تلف کر دی گئیں۔جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کارروائیاں ایک ہفتے کے دوران وزیرآباد، کامونکی، اروپ، قلعہ دیدار سنگھ اور مضافات میں کی گئیں۔ سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر سخت ایکشن لیا گیا۔ ریسٹورنٹس کے کچن ایریاز میں بدبودار ماحول، ٹوٹے فرش پر گندا پانی کھڑا پایا گیا جبکہ انتہائی لازم ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل و ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے ۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق نئے سال کے آغاز سے قبل فوڈ سیفٹی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور دودھ، گوشت اور بنیادی اشیائے خورونوش کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے حکم پر ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں