میونسپل کارپوریشن ختم،3ٹاؤن کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ
29لاکھ 55ہزار آبادی پر مشتمل ماڈل ٹائون،پیپلز کالونی اور کھیالی ٹائون قائم ہوں گے ،نئی بلدیاتی حلقہ بندی کا کام بھی رواں ماہ مکمل کر لیا جائیگا
گوجرانوالہ(عثمان مہر )نئے بلدیاتی ایکٹ کے تحت شروع کی گئی حلقہ بندیوں کے باعث میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کو 3حصوں میں تقسیم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ،گوجرانوالہ کے 4قومی اسمبلی کے حلقوں پر مشتمل 3میونسپل ٹائون کمیٹیاں بنائی جائیں گی، 29لاکھ 55ہزار آبادی پر مشتمل میونسپل کارپوریشن کو ختم کرکے ماڈل ٹائون،پیپلز کالونی اور کھیالی ٹائون قائم کئے جائینگے جس کیلئے ضلعی انتظامیہ نے کام شروع کردیا ،مقامی ارکان اسمبلی اورٹکٹ ہولڈرز کا مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا اور تجاویز لی گئیں جبکہ نئی بلدیاتی حلقہ بندی کا شیڈول جاری کرکے رواں ماہ کام مکمل کیا جائیگا ۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر شہر کے پہلے میونسپل ٹائون کا نام ماڈل ٹائون تجویز کیاگیا جس میں قومی اسمبلی کے 3 حلقوں این اے 77کی 50فیصد آبادی ،این اے 78کی 41فیصد آبادی اور این اے 80کی چند یونین کونسلیں شامل کی جارہی ہیں ماڈل ٹائون میونسپل کی آبادی 9لاکھ 93ہزار پر مشتمل ہوگی، دوسرے میونسپل ٹائون کا نام پیپلز کالونی ٹائون رکھا گیا جس کی کل آبادی 9لاکھ 88ہزار 400ہوگی اور اس میونسپل ٹائون میں قومی اسمبلی کے 4حلقوں کی یونین کونسلیں شامل ہونگی، این اے 78 کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ ،این اے 79 ،این اے 80 اور این اے 81 کی چند یونین کونسلیں شامل ہونگی۔ اسی طرح تیسرے میونسپل ٹائون کا نام کھیالی میونسپل ٹائون رکھا گیاجس میں این اے 80 کی سب سے بڑی آبادی 75 فیصد شامل ہوگی جبکہ این اے 77،این اے 78 اور این اے 81 کی بھی چند یونین کونسلوں کو شامل کیا جائے گا۔