حافظ آباد:سپورٹس جمنا زیم کی تعمیر 2 سال میں بھی نامکمل
متعلقہ کھیل نے بھی تعمیر میں بے جا تاخیر پر چپ سادھ لی،کھلاڑی پر یشان
حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )حافظ آباد کے واحد سپورٹس جمنازیم میں تعمیراتی کام2سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہ ہو سکا،ٹھیکیدار کی سستی،لاپرواہی کے باعث تعمیراتی کام مسلسل تاخیر کا شکار،متعلقہ محکمہ نے بھی تعمیر میں بے جا تاخیر پر چپ سادھ لی۔حافظ آباد میں نوجوان کھلاڑیوں کی انڈور گیمز کے لیے واحد سپورٹس جمنازیم میں 2 سال سے مختلف تعمیراتی کام کا سلسلہ جاری ہے ،متعلقہ محکمہ اور ٹھیکیدار کی لاپرواہی،سستی کے باعث سپورٹس جمنازیم کا ایک بھی حصہ مکمل نہیں ہو سکا۔سپورٹس جمنازیم میں کچھ عرصہ قبل تک بیڈ مٹن سمیت جم کی سہولت میسر تھی لیکن اب تعمیراتی کام میں کئی ماہ کی تاخیر کے باعث نوجوان کھلاڑی انڈور گیمز کی سہولت سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ صوبائی وزیر سپورٹس صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو سہولیات کی دستیابی کے دعوے تو ضرور کر رہے ہیں لیکن حافظ آباد کا واحد سپورٹس جمنازیم کا تعمیراتی کام عدم توجہی اور لاپرواہی کے باعث دو سال کا طویل عرصہ گزرجانے کے بعد مکمل نہیں ہو سکا،ضلع بھر کے کھلاڑیوں اور سپورٹس ایسوسی ایشنز نے وزیر اعلیٰ مریم نواز اور صوبائی وزیر کھیل فیصل کھوکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ حافظ آباد کے سپورٹس جمنازیم کی تعمیر کا کام جلد مکمل کر ایا جائے ۔