سیاست میں دروازے کھلے ،بات چیت ہونی چاہیے :کائرہ
سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے وجودکو تسلیم کرناچا ہیے :لالہ موسیٰ میں خطاب
لالہ موسیٰ (نمائندہ دنیا )پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ کوئی اکیلا کچھ نہیں ہوتا،پارٹیوں کے مل بیٹھنے سے بہتری آتی ہے ، سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے مل بیٹھنے کی گنجائش رہنی چاہیے ،خان صاحب کو ہم نے بار بارکہاہے کہ جب شہیدبی بی اور میاں نوازشریف کے دوران چارٹر آف ڈیموکریسی ہواتھاتو جمہوریت مضبوط ہوئی تھی، سیاسی جماعتیں مضبوط ہوناشروع ہوگئی تھیں،راتوں را ت انقلاب نہیں آجاتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کے گاؤں گجو تا حاجی محمد سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ اگر کوئی یہ سوچتاہے کہ میں نے اپنے مخالف کاوجودختم کردیناہے تو نہ سیاست میں کسی کاوجودختم کیاجاسکتااور نہ ہی دشمنیوں اور قتل وغارت سے کسی کا وجودختم ہواہے ،سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کے وجودکو تسلیم کرناچا ہیے ،انہوں نے کہاکہ ایک الیکشن میں لوگ ایک جماعت کو ووٹ دیتے ہیں اور دوسرے الیکشن میں دوسری جماعت کو اور جس جماعت کو عوام نے ووٹ دیاہے تو اس کے مینڈیٹ کو تسلیم کرناچاہیے ،انہوں نے کہاکہ اگر آپ نے ملکی سیاست کے حالات ٹھیک کرنے ہیں ملکی اداروں کو ان کی حیثیت پر واپس لے کرجاناہے تواور ملک کانظم ٹھیک کرناہے تو اس کیلئے سیاسی جماعتیں مل کر بیٹھتی ہیں تو ایساہوسکتاہے ۔