ڈسکہ :کمرشل و رہائشی عمارتیں بجلی کے مین تاروں کے نیچے تعمیر
خطرناک ہونے کے باوجود ہیوی ٹرانسمشن اور کھمبوں کی منتقلی نہ ہوسکی، شہری خوفزدہ
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار)ڈسکہ شہر میں سینکڑوں کمرشل و رہائشی عمارتیں بجلی کے مین تاروں کے نیچے تعمیر ہوگئیں، خطرناک ہونے کے باوجود ہیوی ٹرانسمشن اور کھمبوں کی منتقلی نہ ہوسکی ،نئی رہائشی سکیموں میں ہونیوالی تعمیرات سے مزید اضافہ ہورہا ہے ، علاقہ بھرمیں گیپکو کی ہیوی ٹرانسمشن کے نیچے سینکڑوں کی تعداد میں دکانیں ’کارخانے ’رہائشی عمارتیں تعمیرات ہوگئی ہیں جبکہ ان مقامات پر سینکڑوں کی تعداد میں بجلی کے کھمبے بھی نصب کئے گئے ہیں، ہیوی ٹرانسمشن لائنوں کے گزرنے سے کئی برسوں سے درجنوں حادثات رونما ہوچکے ہیں جن کی وجہ سے متعدد شہری زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور متعدد جھلس کر معذور ہوچکے ہیں۔ شہریوں نے متعدد بار ان ہیوی ٹرانسمشن کی منتقلی کی درخواستیں دی ہیں مگر کوئی بھی اس طرف دھیان نہیں دیتا جب کوئی حادثہ رونما ہوجاتا ہے تو گیپکو والوں کی طرف سے شہریوں کو تسلیاں دی جاتی ہیں کہ ان ہیوی ٹرانسمشن لائنوں کو تبدیل کردیاجائیگا مگر وقت گزرنے کے بعد کسی قسم کا کوئی عمل نہیں کیاجاتا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔