ہسپتال چوک ملکہ سے پنجوڑیاں تک سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار
جگہ جگہ پر گھڑوں کے با عث قیمتی گاڑیاں برباد ہونے لگیں ، مسافروں کو مشکلات
گلیانہ(نامہ نگار )ہسپتال چوک ملکہ سے پنجوڑیاں تک بذریعہ گولڑہ ہاشم جانے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی۔ سڑک پر جگہ جگہ گھڑے پڑنے سے قیمتی گاڑیاں برباد ،مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ سڑک کھاریاں جانے والے مسافروں کیلئے ایک اہم اور مصروف گزرگاہ ہے ۔ روزانہ گرد و نواح کے دیہات سے لوگ بڑی تعداد میں قصبہ ملکہ کی مارکیٹ میں خریداری کیلئے آتے ہیں جبکہ یہی راستہ کھاریاں شہر اور ہاشم ویلفیئر ہسپتال پنڈی ہاشم جانے والے مریضوں کے زیرِ استعمال بھی ہے ۔سڑک خصوصاً سینتھل کے قریب، گولڑہ ہاشم اور شوریاں گاؤں کے علاقوں میں انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے ۔ بارش کے بعد صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری مرمت اور ازسرِ نو تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسافروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے ۔