پنڈی بھٹیاں:ڈمپر اور وین میں تصادم ،7 مسافر زخمی
بغیر لائسنس اور تجربہ نہ رکھنے والے ڈمپر ڈرائیورز کی وجہ سے حادثات میں اضافہ
پنڈی بھٹیاں، جلالپور بھٹیاں ،حافظ آ باد (نامہ نگار، نمائندہ دنیا )لاہور روڈ پر ٹھٹھہ خیرو مٹمل کے قریب ڈمپر اور مسافر وین کے درمیان تصادم میں 7افراد شدید زخمی ہو گئے ۔زخمیوں میں 32 سالہ حسین، 48 سالہ مقصود، 30 سالہ شہزاد، 41 سالہ غلام شبیر، 55 سالہ لیاقت علی، 45 سالہ شفقت علی اور 24 سالہ نعمان ممتاز شامل ہیں۔ ریسکیو زرائع کے مطابق دو معمولی زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ5افراد کو ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں منتقل کر دیا گیا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سڑکوں پر ڈمپر ز کے حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس سے قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حادثات بغیر لائسنس اور ہیوی ڈرائیونگ کا تجربہ نہ رکھنے والے ڈرائیوروں کی وجہ سے ہو رہے ہیں جبکہ سڑکوں پر ہائی وے ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس چیکنگ کرتی نظر آتی ہے جبکہ ڈمپرز ڈرائیورز کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔