گیس ، بجلی نرخوں میں کمی کی تجاویز خوش آئند : گوجرانوالہ چیمبر

 گیس ، بجلی نرخوں میں کمی کی تجاویز خوش آئند : گوجرانوالہ چیمبر

چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو براہ راست فائدہ ہوگا :صدر و دیگر

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی ہمایوں بٹ، سینئر نائب صدر سعد جمیل عرفانی اور نائب صدر فیصل ستار مغل نے بجلی اور گیس کے نرخوں میں کمی، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے حکومتی ریلیف اور اصلاحاتی تجاویز کو کاروباری برادری کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پینل کی جانب سے بجلی اور گیس کی قیمتیں کم کرنے کیلئے قرضوں کی ری فنانسنگ اور قیمتوں کے نظام کو بہتر بنانے کی تجاویز سے کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی آئے گی جس کا براہِ راست فائدہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو ہوگا جوکہ کاروباری برادری کیلئے فائندہ مند ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق توانائی کی بلند اور غیر یقینی قیمتوں کے باعث برآمدی مسابقت متاثر ہو رہی ہے اور صنعت وزراعت اور دیگر شعبوں میں پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کاروبار کی زیادہ لاگت کی بڑی وجوہات میں پیچیدہ ٹیکس نظام اور سیلز ٹیکس ریفنڈز میں تاخیر کے مسائل شامل ہیں جو خاص طور پر ایس ایم ایز کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت توانائی کے نرخوں میں ریلیف کے ساتھ پالیسیوں میں تسلسل اور طویل المدتی اصلاحات کو یقینی بنائے تو سرمایہ کاری کا اعتماد بحال ہوگا اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں