کامونکے :گھر میں آ تشزدگی ،تمام سامان راکھ ، قرآن پاک کا نسخہ محفوظ
کامونکے (تحصیل رپورٹر )محلہ رسول نگر نزد امام بارگاہ گلستان علی میں محنت کش شہباز علی کے گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، حادثے کے وقت گھر میں کو ئی نہیں تھا ۔۔۔
آگ نے پورے مکان کو لپیٹ میں لے لیا اور تمام قیمتی سامان، ملبوسات، رضائیاں، گھریلو اشیا اور رقم جل کر راکھ ہو گئی۔ پڑوسیوں نے دھواں اور شعلے دیکھ کر فوری طور پر ریسکیو اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی تاہم پھاٹک بند ہونے کے باعث امدادی ٹیمیں بروقت نہ پہنچ سکیں۔ اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوشش کی مگر سامان جل گیا ۔ اطلاع ملتے ہی محنت کش کی اہلیہ بے ہوش ہو گئی جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آگ کی شدت کے باوجود قرآن پاک کا نسخہ محفوظ رہا جسے اہل علاقہ نے معجزہ قرار دیا۔