گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے پر باقاعدہ کام شروع
جی ٹی روڈ پر 3 مقامات پر کھدائی ، 62 ارب 70 کروڑ کا منصوبہ سال میں مکمل ہوگا
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر ) گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے پر کام شروع,31 کلو میٹر طویل کوریڈور پر 3 مختلف مقامات پر کام جاری ہے ، 62 ارب 70 کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبہ ایک سال میں مکمل ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 5دسمبر 2025کو ماس ٹرانزٹ منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا تھا ۔ایمن آباد سے گکھڑ تک 31کلومیٹر طویل کوریڈور پر 4 انڈر پاسز بنائے جائیں گے ۔16 سگنل پوائنٹس، 2بس ڈپو اور 25بس سٹیشن بنائے جائیں گے ۔منصوبہ مکمل ہونے کے بعد40الیکٹرک بسیں روٹ پر چلیں گی،روزانہ 51ہزار مسافر اس سفری سہولیات سے مستفید ہونگے جبکہ روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے ۔اس وقت منصوبہ پر 3 مختلف مقامات گکھڑ،ایمن آباد اور کنگنی والا کے قریب جی ٹی روڈ پر کام جاری ہے ،بڑی کرینوں کی مدد سے جی ٹی روڈ وسط سے اکھاڑی جارہی ہے ، ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے جی ٹی روڈ کے درمیان سے سیفٹی شیٹس لگائی گئی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے جی ٹی روڈ کا دورہ کیا اور میٹرو بس سروس کے تحت جاری ابتدائی تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔