نہرلوئرچناب ہیڈچھناواں پرنئے پل کی تعمیر کا کام شروع
جامکے چٹھہ(نامہ نگار )نہرلوئرچناب کے مقام ہیڈچھناواں پرنئے پل کی تعمیر کا کام شروع، 24 کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ہیڈ چھناواں پل علاقے کے عوام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کی تعمیر سے نہ صرف روزمرہ آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ زرعی، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ پل کی عدم موجودگی کے باعث عوام کو طویل راستے اختیار کرنا پڑتے تھے جس سے وقت اور وسائل کا ضیاع ہوتا تھا۔علاقہ مکینوں نے اس اہم منصوبے کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی صحافیوں نے عوامی مسائل کو اعلیٰ حکام تک مؤثر انداز میں پہنچایا جس کے نتیجے میں منصوبہ حقیقت کا روپ دھار سکا۔
عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا اور معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق پل کی تعمیر میں جدید انجینئرنگ اصولوں کو مدنظر رکھا جائے گا اور کام کی باقاعدہ نگرانی کی جائے گی تاکہ منصوبہ عوام کیلئے دیرپا فائدہ ثابت ہو۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ تعمیراتی کام کی رفتار تیز رکھی جائے اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہیڈ چھناواں پل جلد از جلد عوام کے استعمال کیلئے دستیاب ہو سکے ۔پراجیکٹ منیجر عرفان کے مطابق پل کی تعمیر جلدازجلد مکمل کریں گے ۔