علی پورچٹھہ:گیپکو کی ممکنہ نجکاری کیخلاف ملازمین کا احتجاج
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)سب ڈویژن گیپکو علی پورچٹھہ میں کمپنی کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔
احتجاج کے دوران نجکاری کے خلاف نعرے بازی کی گئی جبکہ دفاتر کو تالے لگا د ئیے گئے جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین نے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری نہ صرف منافع بخش قومی ادارے کی تباہی ہے بلکہ ملکی معیشت کو کھوکھلا کرنے کے مترادف ہے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ واپڈا پاکستان کی سالمیت اور استحکام کی علامت ہے اور نجکاری عوام دشمن اقدام ہے ۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ماضی میں جن اداروں کو نجی تحویل میں دیا گیا، ان کا انجام سب کے سامنے ہے ۔ پی ٹی سی ایل، ہسپتال، تعلیمی ادارے اور پی آئی اے جیسے قومی اداروں کی نجکاری سے عوام کو شدید نقصان پہنچا جبکہ صرف ٹھیکیدار اور سرمایہ دار فائدہ اٹھاتے رہے ۔ مقررین نے مزید کہا کہ پاک فوج کے بعد سب سے زیادہ شہادتیں واپڈا ملازمین نے دی ہیں لہٰذا ان قربانیوں کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاج کا دائرہ علی پورچٹھہ سے نکل کر پورے ملک تک پھیلایا جائے گا۔