سیلاب سے متاثرہ سوہدرہ تا بہرام سڑک کی تعمیر کا افتتاح
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )سیلاب متاثرہ علاقوں میں مواصلات کے نظام کی بحالی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے
،پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح ہو رہا ہے لیکن وزیر اعلیٰ کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کو فوقیت دی جا رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ایم این اے بلال فاروق تارڑ،ایم پی اے وقار احمد چیمہ نے بیلہ کے علاقہ رانا گاؤں میں سوہدرہ تا بہرام 4 کلومیٹر کارپٹ روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اعظم اکبر گھمن ، مبارک اکبر گھمن اور امیدوار برائے چیئرمین فیاض اکبر گھمن نے کیا تھا۔ بلال تارڑ نے کہا کہ سیلاب کے ایام میں بجلی بلوں میں ریلیف ،راشن کی فراہمی ،جانوروں کیلئے ونڈا ،فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ و امدادی پیکج دئیے ،
آئندہ بھی سب سے پہلے بیلہ اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں گے ۔وقار احمد چیمہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ بیلہ کے شمالی جانب بند کی تعمیر کروا کر علاقہ کو ہمیشہ کیلئے سیلاب سے محفوظ بنائیں انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 5 کروڑ 72 لاکھ روپے سے 4 کلو میٹر طویل سڑک سوہدرہ سے بہرام تک اور آئندہ اسلام گڑھ سے لویری والا اور سوہدرہ تک ،رانا بہرام سے نوگراں ،پاتوکے ناہر کے ،ٹاہلی والا ،لویری والا تک ،وزیر آباد سے ہری پور اور لویری والا تک دولت آباد اور وزیرآباد شہر تک سڑکوں کو تعمیر کریں گے ۔تقریب سے امتیاز اظہر باگڑی ،عنصر محمود سندھو ،سردار اقبال چیمہ ، ضیا اللہ چیمہ ،جمشید سلطان گھمن ،زبیر گوندل ،میاں شہباز ،حافظ ساجد تارڑ اورادریس سپال نے بھی خطاب کیا ۔