ذاتی معالجین کو بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے :ریحانہ ڈار
بیماری اور علاج کے معاملے میں سیاست نہیں، انسانیت کو مقدم رکھا جانا چاہیے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ ہولڈر ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان صرف ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ کروڑوں عوام کی امید اور آواز ہیں، ان کی صحت کے حوالے سے بڑھتی ہوئی تشویش کو نظر انداز کرنا نہ صرف غیر انسانی ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے ،اختلافِ رائے اپنی جگہ مگر بیماری اور علاج کے معاملے میں سیاست نہیں، انسانیت کو مقدم رکھا جانا چاہیے ۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا کہ عمران خان کے صحت کے بہتری کیلئے ان کی بہنوں او ر ذاتی ڈاکٹر وں تک رسائی دی جائے ، اگر عمران خان کی جان کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو عوام کا بے قابو طوفان سب کچھ تباہ کردیگا جسے روکنے کی حکمرانوں میں سکت نہیں۔
ہم پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان کو فوری طور پر الشفا ہسپتال منتقل کرکے بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہیں مکمل طبی معائنہ، ضروری ٹیسٹس اور ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی میسر ہو اور ان کی فیملی، ذاتی معالجین تک فوری اور بلا رکاوٹ رسائی یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے سوال اٹھانا سیاست نہیں بلکہ بنیادی انسانی حق کا تقاضا ہے ۔ کیوں ایک انسان کو قید میں رکھتے ہوئے اس کے ذاتی ڈاکٹر سے معائنہ نہیں کر ایا جا رہا؟ کیوں کیسز نہیں سنے جا رہے اور فیملی و وکلا سے ملاقاتوں پر پابندی ہے ، قوم یہ جاننا چاہتی ہے کہ اس چھپانے کی کوشش کے پیچھے کیا حقیقت ہے ۔ انصاف، شفافیت اور انسانی حقوق کے بغیر کوئی بھی نظام مکمل نہیں ہو سکتا۔