قدیم میلہ سنگاں سخی سرور کے قافلوں کی پنڈی بھٹیاں آمد
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)قدیم میلہ سنگاں سخی سرور کے قافلے دھونکل ضلع وزیر آباد سے پیدل پنڈی بھٹیاں پہنچ گئے ،
شہر اور ارد گرد کی آبادیوں میں پہنچ کر گلیوں محلوں اور بازاروں میں ڈھول کی تھاپ پر بچوں اور بڑوں کو ُ لوریاں دے رہے ہیں اور فضا نی لوری دیواں لال نوں سے گونج رہی ہے ،والدین اور عزیز اقارب بچوں پر نوٹ نچھاور کر کے ان سے دعائیں لے رہے ہیں ۔سخی سرور کے سنگوں نے چنیوٹ روڈ پر ہائی سکول کے قریب پڑاؤ ڈال رکھا ہے جہاں لوگ آکر سخی سرور کے ملنگوں سے دعائیں لیتے ہیں اور دعائیں پوری ہو پر چاولوں کی پنیاں اور لڈو بانٹتے ہیں اور نئی منتیں مانگنے والے یہ لڈو کھاتے ہیں ، یہ سلسلہ صدیوں سے چلا آ رہا ہے ، تاریخ دان بتاتے ہیں کہ صدیوں قبل حضرت سخی سرور دھونکل سے پیدل چلتے سخی سرور گئے تھے اور جہاں جہاں انہوں نے رات کو قیام کیا وہاں دیسی مہینوں کی انہی تاریخوں پر سخی سرور کے سنگ ( قافلے )پیدل چلتے گزرتے ہیں اور ان شہروں اور دیہات میں میلے لگتے ہیں اور لوریاں دی جاتی ہیں ، قافلے پنڈی بھٹیاں میں سخی سرور کے سنگ 19 پھاگن کی رات کو آتے ہیں اور رات اور دن قیام کرکے پیدل ہی آگے چنیوٹ اور جھنگ کی طرف روانہ ہو جاتے ہیں ،میلہ سنگاں کی پنڈی بھٹیاں میں تقریبات ماہ رمضان کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ھوئے سادگی سے انعقاد پذیر ہو رہی ہیں جس میں بچوں کے جھولوں اور دیگر تفریح کا سامان تو بچوں کی خوشیوں کو دوبالا کر رہا ہے تا ہم تقدس رمضان کی وجہ سے امسال میلہ میں سرکس ، موت کے کنویں اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کی انتظامیہ نے اجازت نہیں دی ۔