پاکستان کی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرینگے :مولانا لدھیانوی
لدھیوالہ وڑائچ (نامہ نگار )سربراہ سنی علماء کونسل پاکستان مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ ہمارے لئے پاکستان کی سالمیت سب سے اہم ہے کسی بھی ملک کے سربراہ کی ہلاکت سے مسائل بڑھتے ہیں اور جنگیں مسائل کا حل نہیں بلکہ مذاکرات سے امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جاتی ہے ۔
لدھیوالہ وڑائچ میں جامعہ نعمانیہ کے سربراہ قاری خلیل الرحمن کی دعوت پرآمد کے موقع پر روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت خودمختاری اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو پوری قوم متحد ہو کر جواب دے گی۔انہوں نے کہا کہ جنگیں کبھی مسائل کا مستقل حل نہیں ہوتیں بلکہ جنگوں سے تباہی معیشت کی بربادی اور بے گناہ انسانوں کا خون بہتا ہے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع اختیار کیے جانے چاہئیں ان کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی ملک کے سربراہ کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اس کے اثرات صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے خطے میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا ہو جاتا ہے ایسی کارروائیاں عالمی امن کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں اور اس روش کو جاری رکھا گیا تو ایک ایک کر کے سب نشانے پر ہوں گے جس سے دنیا عدم تحفظ کا شکار ہو جائے گی۔مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ پاکستان اس وقت اندرونی و بیرونی چیلنجز سے گزر رہا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں باہمی اختلافات بھلا کر قومی مفاد کو مقدم رکھیں ۔مولانا محمد احمد لدھیانوی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور ملکی استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔