سیالکوٹ :الیکٹرک بس کیلئے 64جدید شیلٹرز کی تعمیر
جلد عوام کیلئے آرام دہ اور ماحول دوست بسیں دستیاب ہوں گی:چیف آ فیسر
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ زبیر وٹو نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی ٹرانسپورٹ ویڑن کے تحت سیالکوٹ کے شہریوں کیلئے شروع کیے جانے والے ای بس منصوبے کے سلسلے میں کشمیر روڈ پر زیرِ تعمیر ای بس شیلٹر کا معائنہ کیا۔اس موقع پر چیف آفیسر زبیر وٹو نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں ای بسوں کے لیے مجموعی طور پر 64 جدید شیلٹرز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جو رواں ماہ کے دوران مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان شیلٹرز کی تکمیل کے بعد بہت جلد سیالکوٹ میں لاہور کی طرز پر جدید، آرام دہ اور ماحول دوست الیکٹرک بسیں عوام کی سہولت کے لیے دستیاب ہوں گی۔چیف آفیسر نے مزید بتایا کہ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کی حدود میں 18 ای بس شیلٹرز جبکہ ضلع کونسل کی حدود میں 46 ای بس شیلٹرز تعمیر کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، ان شیلٹرز میں مسافروں کے لیے بیٹھنے کی مناسب جگہ، بارش اور دھوپ سے تحفظ، واضح روٹ انفارمیشن اور بہتر لائٹنگ شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ای بس سروس سے نہ صرف ٹریفک دباؤ میں کمی آئے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔