وائس چیئرپرسن سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا دورہ گو جرانوالہ
اسسٹنٹ کمشنر نے وائس چیئرپرسن کو کیمپ سائٹ کے انتظامات پر بریفنگ دی
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آرا منظور وٹو نے ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل گوجرانوالہ سٹی میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام قائم تحصیل کیمپ سائٹ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نگہبان کارڈ کے ذریعے رقم کی تقسیم کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرانوالہ سٹی اقرا مبین گوندل نے وائس چیئرپرسن کا استقبال کیا اور کیمپ سائٹ کے انتظامات اور مستحقین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی ، اقراء مبین گوندل نے وائس چیئرپرسن کو آگاہ کیا کہ اب تک تقریباً 22,000 وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈ ضلعی انتظامیہ کو موصول ہو چکے ہیں جن میں سے تقریباً 19,000 نگہبان کارڈ مستحق افراد میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔دورے کے دوران ،وائس چیئرپرسن نے کیمپ سائٹ پر فراہم کی جانے والی سہولیات کا براہِ راست جائزہ لیا اور خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرپرسن نے کیمپ سائٹ پر موجود سہولت کاؤنٹرز، رہنمائی ڈیسک، انتظارگاہوں اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نگہبان کارڈ کے ذریعے رقوم کی شفاف منتقلی کے عمل کا جائزہ لیا اور اس عمل کو مزید منظم بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔