سیالکوٹ:حراست سے فرار ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

سیالکوٹ:حراست سے فرار ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

پولیس نے ویروالا پل کے قریب موٹر سائیکلوں پر سوار افراد کو روکا تو فائرنگ کر دی مہران اکرم ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا ، مختلف تھانوں میں 12مقدمات تھے

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تھانہ ستراہ کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، مراد پور پولیس کی حراست سے ساتھیوں کی مدد سے فرار ہونے والا ملزم ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر انجام کو پہنچ گیا۔تھانہ ستراہ کے علاقہ ویروالا پل کے قریب ایس ایچ او انسپکٹر اکرم شہباز نے ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزم دکھائی دئیے جنہوں نے پولیس گاڑی اور ناکہ کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش میں فائرنگ شروع کر دی، پولیس ٹیم نے فائرنگ سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے درختوں کی اوٹ لی اسی دوران ایس ایچ او اکرم شہباز نے ملزموں کو ہتھیار ڈالنے کا کہا جو مسلسل فائرنگ کرتے رہے وائرلیس پر اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور ملزموں کا گھیراؤ کرنا شروع کیا لیکن ملزم فائرنگ کرتے فرار ہوئے فائرنگ رکنے پر پولیس کو ایک ملزم کی لاش دکھائی دی جو ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنا ،ہلاک ملزم کے قریب سرکاری رائفل گری ہوئی تھی ، تحقیق پر معلوم ہوا کہ ہلاک ملزم گزشتہ رات تھانہ مراد پور کے علاقہ سے ساتھیوں کی مدد سے حراست سے فرار ہوا تھا، ہلاک ملزم کی شناخت مہران اکرم کے نام سے ہوئی جس پر تھانہ رعیہ خاص نارووال ،تھانہ سمبڑیال ،تھانہ مراد پور اور تھانہ ستراہ میں 12سنگین مقدمات درج ہیں ،ستراہ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ہسپتال منتقل کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں