بیوٹیفکیشن آف اقبال منزل اینڈ اٹس الائیڈ بازار کیلئے فنڈمنظور

بیوٹیفکیشن آف اقبال منزل اینڈ اٹس الائیڈ بازار کیلئے فنڈمنظور

حکومت نے 285ملین کی منظوری دیدی ،علاقے کو پرکشش بنایا جائیگا:زبیر وٹو

بیوٹیفکیشن آف اقبال منزل اینڈ اٹس الائیڈ بازارکے لیے 285 ملین روپے کے فنڈ کی منظوری دی گئی ہے جس پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر کی زیرِ نگرانی کام کا آغاز ہو چکا ہے ۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ زبیر وٹو نیال بتایا کہ یہ منصوبہ 1.2 کلومیٹر طویل تجارتی اور تاریخی پٹی پر محیط ہے ، جو چوک اسلام آباد سے شروع ہو کر اڈہ شہباز خان تک پھیلا ہوا ہے ۔ اس کا بنیادی مرکز حکیم الامت علامہ اقبالؒ کا آبائی گھر اقبال منزل ہے ، جسکے گردونواح کو سیاحوں کے لیے پرکشش بنایا جائے گا۔اس منصوبے کو جدید شہری ڈیزائن کے مطابق مکمل کیا جائے گا،تمام دکانوں پر ایک جیسے نیون سائن بورڈز نصب کیے جائینگے تاکہ بازار میں ہم آہنگی اور خوبصورتی نظر آئے ۔اقبال منزل اور ملحقہ عمارتوں کے بیرونی حصوں کی مرمت اور چراغاں کیا جائے گا۔اقبال منزل کے مرکزی داخلی راستے پر عالیشان گیٹ تعمیر ہوگا، جبکہ بازار کے داخلی و خارجی راستوں پر دیدہ زیب آہنی محرابیں بنائی جائینگی۔ بازاروں میں قدیم لٹکتی تاروں کے خاتمے کیلئے ڈکٹنگ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے ۔ پیدل چلنے والوں کیلئے جدید ٹف ٹائلز اور کوبل اسٹونزکا استعمال ہوگا۔ علاقے میں مختلف مقامات پر مجسمے اور علامہ اقبالؒ کی شاعری پر مبنی یادگاریں نصب کی جائینگی۔یہ منصوبہ صرف خوبصورتی تک محدود نہیں بلکہ اس سے مقامی تاجروں کیلئے کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہونگے اور سیالکوٹ میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں