مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر گرفتار

مراکش کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر گرفتار

گوجرانوالہ،نوشہرہ ورکاں (نیوز رپورٹر،نمائندہ دنیا )ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے مراکش کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کا انسانی سمگلر گرفتار کر لیا ،

ملزم کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز میں شامل تھا ،ملزم قاصد علی کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا جو بین الاقوامی انسانی سمگلنگ نیٹ ورک کا اہم کارندہ تھا۔ملزم کے خلاف متعدد مقدمات درج تھے ،ملزم شہریوں کو یورپ بھجوانے کے جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورتا اور انہیں غیر قانونی راستوں سے افریقہ منتقل کرتا تھا۔متاثرہ خاندانوں سے ملزم نے سپین بھجوانے کے نام پر 33 لاکھ روپے فی کس لئے ۔انسانی سمگلروں کے نیٹ ورک نے متاثرہ نوجوانوں کو موریطانیہ منتقل کر کے تشدد، جبری مشقت اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا،بعد ازاں متاثرین کو سمندر کے راستے سپین بھیجنے کا جھانسہ دے کر رابطہ منقطع کر دیا گیا،کشتی حادثے میں متاثرین جان کی بازی ہار گئے ۔گرفتار ملزم پر انسانی سمگلنگ، بھتہ خوری، جبری مشقت، فراڈ اور تارکین وطن کی اموات کا سبب بننے جیسے سنگین الزامات ہیں، ملزم ایک منظم بین الاقوامی انسانی سمگلنگ گینگ کا اہم رکن ہے جو معصوم شہریوں کو دھوکہ دے کر غیر قانونی ہجرت پر مجبور کرتا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں