نوشہرہ ورکاں:قبرستان میں غیر قانونی تعمیرات ، انتظامیہ متحرک

نوشہرہ ورکاں:قبرستان میں غیر قانونی تعمیرات ، انتظامیہ متحرک

قبروں کو اونچا کرنے اور چار دیواری بنانے کیلئے دیگر قبروں کو نقصان پہنچایا جانے لگااسسٹنٹ کمشنر فوری کا نوٹس ،پیرا فورس کو ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا

نوشہرہ ورکاں(تحصیل رپورٹر )مرکزی قبرستان میں غیر قانونی تعمیرات کے واقعات سامنے آنے پر انتظامیہ حرکت میں آ گئی، شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق نوشہرہ ورکاں کے بڑے قبرستان میں بعض افراد کی جانب سے من مانی کرتے ہوئے قبروں پر غیر قانونی کنسٹرکشن کا سلسلہ جاری تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ افراد اپنے عزیز و اقارب کی قبروں کو اونچا کرنے اور چار دیواری بنانے کیلئے دیگر قبروں کو نقصان پہنچا رہے تھے جبکہ بعض مقامات پر قبروں کے اردگرد باقاعدہ بنیادیں بھی ڈالی جا رہی تھیں ۔شہریوں کے مطابق اس طرزِ عمل کے باعث قبرستان میں جگہ تیزی سے کم ہو رہی ہے جس سے نئی تدفین کے لیے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

متاثرین نے قبروں کی بے حرمتی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے نہ صرف غیر قانونی بلکہ اخلاقی طور پر بھی قابلِ مذمت قرار دیا۔شہریوں کی درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں سعدیہ جمال نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پیرا فورس کو کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے قبرستان میں ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات کو روکنے ، بنائی گئی بنیادوں کو ختم کرنے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں