ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ کا کڑیال روڈ پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ
ماڈل بازار کی تکمیل سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ،بہتر سہولیات میسر آئینگی کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئیگی،تاجر، منصوبے کو خو ش آ ئند قرار دے دیا
نوشہرہ ورکاں(تحصیل رپور ٹر ،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کڑیال روڈ کا دورہ کیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سمیرا عمبرین سعید، اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جمال، ضلع کونسل اور اربن یونٹ کے متعلقہ افسر بھی موجود تھے ،دورے کے دوران متعلقہ افسر وں نے منصوبے پر جاری پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کڑیال روڈ کو جدید طرز کے ماڈل بازار میں تبدیل کرنے کیلئے ٹف ٹائلز کی تنصیب، دکانوں کے سامنے یکساں ڈیزائن کے سائن بورڈز کی تنصیب، سڑک اور اطراف میں پینٹ ورک سمیت دیگر تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے منصوبے کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام کام مقررہ وقت میں مکمل کئے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماڈل بازار کی تکمیل سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ تاجروں اور شہریوں کو بہتر سہولیات بھی میسر آئیں گی ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ جمال نے بتایا کہ منصوبے کی نگرانی روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو جلد از جلد ایک جدید، منظم اور خوبصورت بازار فراہم کیا جا سکے شہریوں اور تاجروں کی جانب سے بھی اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی گئی ہے کہ ماڈل بازار کی تکمیل سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی اور شہر کا مجموعی امیج مزید بہتر ہوگا۔