فنڈز کی عدم فراہمی : واٹر پلانٹس ، سیوریج منصوبوں میں تاخیر
میونسپل کارپوریشن کی حدود کے بر عکس دیہی علاقوں میں حکومتی ارکان اسمبلی بھی حلقوں میں فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور پرانے سیوریج سسٹم کی تبدیلی کو یقینی نہ بناسکے
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز سے شہری 64 یونین کونسلوں میں سیوریج سسٹم کی تبدیلی اور صاف پانی فراہمی کا میگا پراجیکٹ شروع کرنے کی تیاریاں لیکن گوجرانوالہ ضلع کے 93 دیہی علاقوں میں سیوریج سسٹم کی بہتری، واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب ،پختہ گلیوں کی تعمیر کیلئے فنڈز کی فراہمی نہ ہوسکی۔ 2 سال قبل بلدیاتی اداروں نے ضلعی انتظامیہ کیساتھ مشاورت کے بعدایک ارب35 کروڑ روپے کے فنڈز کی ڈیمانڈ حکومت کو ارسال کی تھی مگر فنڈز نہ ملنے کے با عث منصوبوں پر عملدرآمد نہ ہوسکا ، حکومتی ارکان اسمبلی بھی اپنے حلقوں میں فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور پرانے سیوریج سسٹم کی تبدیلی کو یقینی نہ بناسکے۔
بیشتر علاقوں میں فلٹریشن پلانٹس تک نہ لگ سکے جبکہ پرانے پلانٹس بھی خراب ہوگئے جسکے باعث شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔ حکومت نے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں شامل 64یونین کونسلوں کیلئے خطیر فنڈز فراہم کرد ئیے لیکن دیہی علاقوں میں اربوں روپے کے فنڈز کا وعدہ کیا، محکموں نے سینکڑوں ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی مگرفنڈز کا اجرا نہ ہوسکاجسکے باعث دیہی علاقوں میں تعمیر وترقی کے منصوبے التوا کا شکار ہیں۔متاثرہ علاقوں کے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت فوری فنڈز فراہم کر ے تاکہ واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب ، سیوریج اور گلیوں کی تعمیر کے منصوبے مکمل ہو سکیں ۔