گرلز ہائر سیکنڈری سکول کڑیال میں اساتذہ اور عملے کی کمی

گرلز ہائر سیکنڈری سکول کڑیال میں اساتذہ اور عملے کی کمی

ایک ہزار طالبات پر مشتمل تعلیمی ادارے میں تدریسی اور انتظامی سہولیات کا فقدان

نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر )گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کڑیال کلاں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی شدید کمی،طالبات کی تعلیم متاثر ہونے لگی،بتایاگیا ہے کہ کڑیال کلاں کے ایک ہزار طالبات پر مشتمل تعلیمی ادارے میں بنیادی تدریسی اور انتظامی سہولیات کا فقدان برقرار ہے جس پر والدین اور اہل علاقہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے سکول میں سائنس اور ریاضی کے اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بورڈ کلاسز کی طالبات خصوصاً پریشانی میں مبتلا ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ اہم مضامین کے اساتذہ نہ ہونے سے طالبات کی تعلیمی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق سکول میں دو جو نیئر کلرک اور ایک لائبریری کلرک کی سیٹ بھی عرصہ دراز سے خالی پڑی ہے اسی طرح درجہ چہارم کے متعدد عہدے بھی تاحال پُر نہ ہو سکے جن میں خاکروبہ، نائب قاصد، چوکیدار، سکول گارڈ، لیب اٹینڈنٹ اور لائبریری اٹینڈنٹ شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 9 آسامیاں خالی ہونے کے باعث سکول کے انتظامی امور اور صفائی ستھرائی کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے۔اہل علاقہ اوروالدین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سائنس و ریاضی کے اساتذہ سمیت دیگر خالی آسامیوں پر تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں