علی پورچٹھہ میں بجلی کے لٹکتے ننگے تار شہریوں کیلئے خطرہ

علی پورچٹھہ میں بجلی کے لٹکتے ننگے تار شہریوں کیلئے خطرہ

سر پر سامان اٹھائے گزرنے والی محنت کش خاتون کرنٹ لگنے سے بال بال بچ گئی

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ میں لٹکتے بجلی کے تار شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے ، خاتون کرنٹ لگنے سے بال بال بچ گئی۔ گزشتہ روز ایک محنت کش خاتون اس وقت معجزانہ طور پر محفوظ رہی جب اس کے سر پر اٹھایا گیا سامان بجلی کے ننگے جوڑ سے ٹکرا گیا اور اچانک چنگاریاں نکلنا شروع ہو گئیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں نے گیپکو سب ڈویژن علی پورچٹھہ کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔علی پورچٹھہ کے مختلف محلوں، گلیوں اور بازاروں میں بجلی کے تار انتہائی خطرناک انداز میں لٹک رہے ہیں جبکہ متعدد مقامات پر غیر محفوظ اور عارضی جوڑ شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ آندھی، بارش اور خراب موسم کے دوران ننگے جوڑوں سے چنگاریاں نکلتی رہتی ہیں جس سے نہ صرف بجلی کی سپلائی بار بار معطل ہو جاتی ہے بلکہ کسی بڑے حادثے کا خدشہ بھی ہر وقت موجود رہتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ این اے 66 کے دیہات اور شہر دونوں اس سنگین مسئلے سے دوچار ہیں مگر متعلقہ حکام کی جانب سے مستقل بنیادوں پر اصلاحی اقدامات نہیں کئے جا رہے ، گیپکو حکام نو ٹس لیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں